
سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر کی بازیابی کی درخواست نمٹادی۔ عدالت نے کہا کہ لاپتا شہری گھر آگیا، درخواست کا مقصد پورا ہوچکا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال کی مبینہ گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کے کچھ لوگ میری نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ درخواست گزار چاہیں تو اس حوالے سے قانونی راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ لاپتا شہری گھر واپس آگیا ہے، درخواست کا مقصد پورا ہوچکا ہے۔ عدالت نے حریم شاہ کے شوہر کی بازیابی کی درخواست نمٹادی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایک ویڈیو بیان میں ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ میرے شوہر بلال شاہ کو کراچی سے اغوا کرلیا گیا ہے، تاہم وہ چند روز بعد گھر واپس پہنچ گئے تھے۔