ڈیل کامیاب، ایران میں زیرحراست 5 امریکی شہری رہا، قطر پہنچ گئے

104
Print Friendly, PDF & Email
قطر پہنچنے والے امریکی شہری طیارے سے باہر آرہے ہیں۔
قطر پہنچنے والے امریکی شہری طیارے سے باہر آرہے ہیں۔

امریکا اور ایران کی کامیاب ڈیل کے بعد ایران میں زیر حراست 5 امریکی شہری تہران سے پرواز کرکے قطر پہنچ گئے۔

دونوں ملکوں میں قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل قطر کی ثالثی میں ہوئی۔

قطر کا طیارہ تہران سے پانچوں امریکیوں اور ان کے دو رشتےداروں کو لے کر روانہ ہوا۔

امریکی شہریوں کے پاس دہری شہریت ہے، وہ دوحہ سے امریکا پہنچیں گے۔

ڈیل کے تحت امریکا نے جنوبی کوریا میں منجمد ایران کے 6 ارب ڈالرز دوحہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کروائے۔

مزید برآں امریکا نے 5 ایرانی قیدیوں کو بھی رہا کرنے کا عہد کیا جن میں سے 2 دوحہ پہنچ چکے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ دو ایرانی قیدی ملک واپس آئیں گے جبکہ دو امریکا میں ہی رہنا چاہتے ہیں، ایک قیدی تیسرے ملک میں موجود اپنی فیملی کے پاس چلا جائے گا۔

6 ارب ڈالر کے فنڈز جاری ہونے پر قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل سرعت کے ساتھ مکمل ہوگئی۔ امریکا کی طرف سے پابندی کے بعد 2018 میں یہ رقم جنوبی کوریا میں منجمد کردی گئی تھی۔

اب قطر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ رقم ان اشیا کی خریداری پر استعمال نہ ہو جن پر امریکی پابندی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.