
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بلے باز محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف 131 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز اور ٹیم کی شاندار فتح کو غزہ کے مظلوموں کے نام کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑی نے پاکستان کی جیت پر اظہارِ خیال پیش کیا اور اسے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینیوں کے نام کر دیا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے تھا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھانے والا ایموجی کا بھی بنایا ہے۔
محمد رضوان نے گزشتہ روز حاصل ہونے والی فتح کا سہرا عبداللّٰہ شفیق اور حسن علی کے سر پہناتے ہوئے مزید لکھا کہ قومی ٹیم کی جیت میں حصہ ڈال کر خوشی ہوئی، اسے آسان بنانے کا کریڈٹ پوری ٹیم اور خاص طور پر عبداللّٰہ شفیق اور حسن علی کو جاتا ہے۔
انہوں نے بھارتی شہر حیدر آباد دکن کی مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ بہترین مہمان نوازی اور مکمل تعاون کے لیے حیدر آباد کے لوگوں کا بے حد مشکور ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے ون ڈے انٹرنیشنلز اور ورلڈ کپ کی 48 سالہ تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔