ابوظہبی(اردوویکلی):: 23مارچ یوم پاکستان جیسے فقیدالمثال دن پرمتحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کومبارکبادپیش کرتاہوں آج وہ یادگاردن ہے جس پرہمارے بزرگوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کافیصلہ کیاجہاں ہم اورآنے والی نسلیں اپنی مرضی اورامنگوں کے مطابق آزادزندگی گزارسکیں۔ 14اگست 1947کووطن عزیزپاکستان ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے دنیاکے نقشے پرابھراتوہمارے بزرگوں کاخواب چند سالوں میں ہی سچ ثابت ہوگیا،وطن عزیزپاکستان کامعرض وجودمیں آناقائدملت قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی انتھک جدوجہدان کی سیاسی بصیرت اوراعلیٰ قیادت میں ہمارے آباؤاجدادکی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا، اس پیارے وطن کیلئے ہمیں ہرلمحہ اللہ تعالیٰ کے حضورشکراداکرناچاہئے،ہم بابائے ملت قائداعظم محمدعلی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے شہداء کوبھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے بہترمستقبل کیلئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے اوراپنے خون سے اس چمن کی آبیاری کی۔ ان خیالات کااظہارمتحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرافضال محمود نے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں 23مارچ کی مناسبت سے منعقدہ ایک سادہ مگرپروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صدرمملکت پاکستان جناب عار ف علوی اوروزیراعظم پاکستان جناب عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے پیغامات بھی پڑھ کرسنائے گئے۔ یوم پاکستان کی تقریب میں حسب روائت سفیرپاکستان افضال محمودنے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔کوروناوباکی وجہ سے اس بارپہلے کی طرح کمیونٹی کویوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت نہ دی گئی ۔تقریب میں صرف سفارت خانہ پاکستان کے افسران اور عملے نے ہی شرکت کی
سفیرپاکستان جناب افضال محمودنے ملک کی ترقی اورخوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ملک کی ترقی کی راہ میں آنے والے ہرچیلنج کامقابلہ کرنے کیلئے ہمارامتحدہونااورنظم وضبط کامظاہرہ وقت کااہم تقاضاہے،متحدہ عرب امارات میں سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اورقونصل خانہ دبئی پاکستانی برادری کے مفادکوفروغ دینے کیلئے کمیونٹی کیساتھ ملکرہمہ وقت کام کرنے کیلئے تیارہیں۔ سفیرپاکستان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی خدمت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ترقی کیلئے بھی پوری ذمہ داری اورعزم کامظاہرہ کریں اورکوروناوباکے پھیلاو کوروکنے کے لیئے احتیاطی تدابیراختیارکریں اور تمام مقامی قوانین پرعمل کرکے ذمہ دارپاکستانی ہونے کامظاہرہ کریں اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے ملک اورپاکستانی برادری کوبھرپورخدمت کرنے کی بدستورتوفیق عطاء کرےآمین