صدرمتحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے استقبال کیا۔
ابوظبی(اردوویکلی)::امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قطر کے دورے کے بعد آج متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے۔ صدرمتحدہ عرب امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے امیری ایئرپورٹ پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور انکے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔
امریکی صدر کے استقبال کے لیے ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، ایگزیکٹو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ المبارک، اور امریکہ میں امارات کے سفیر یوسف العتیبہ سمیت متعدد اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
امریکی صدر کے طیارے کے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی یواے ای کے عسکری جیٹ طیاروں نے رسمی سلامی کے طور پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اسکواڈرن لیڈر نے امریکی طیارے سے رابطہ کرتے ہوئے صدارتی ایئرپورٹ تک ہمراہ ہونے کی اجازت طلب کی اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے صدر ٹرمپ کو خوش آمدید کہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ولی عہد ابوظہبی عزت ماب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ شیخ زاید گرینڈ مسجد ابوظبی کا دورہ کیا اور شیخ زاید مسجد کی خوبصورتی اور فن تعمیر کی تعریف کی ۔