پاکستانیز ان شارجہ کی بھرپورشرکت اور وطن سے محبت کاعملی اظہار
دبئی (نیوزڈیسک):: پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی جانب سے ایکسپوسٹی سینٹر دبئی یومِ آزادی پاکستان کی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ایسوسی ایشنز سمیت پاکستانی کمیونٹی کے 60 ہزار سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ایک شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جو 14اگست — پاکستان کے اس تاریخی دن — کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک خوبصورت انداز تھا۔
شرکاء نے قومی نغموں کی گونج اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں کے ساتھ پریڈ میں حصہ لیا اور اپنے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ یہ تقریب پاکستانی ثقافت کی حسین جھلک پیش کرتی رہی، جہاں موسیقی، رقص، کہانیاں اور روایتی لباس کے ذریعے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کی خوبصورت نمائش کی گئی۔
پاکستانیز ان شارجہ نے بھی تقریب میں سرگرم اور پرجوش شرکت کی۔ اپنے جوش و جذبے، منظم انداز اور قومی محبت سے بھرپور شرکت کے ذریعے انہوں نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔ پاکستانیز ان شارجہ ہمیشہ پاکستان کی ثقافت، روایات اور مثبت شناخت کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں، اور اس تقریب میں بھی انہوں نے اتحاد، محنت اور لگن کی شاندار مثال قائم کی۔