ابوظہبی(اردوویکلی)::ابوظہبی پولیس نے گاڑی سواروں کو ٹریفک سگنل پر سرخ لائٹ کو عبور کرنے اور سڑک پر توجہ مبذول نہ رکھنے کے خطرات سے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر مجموعی طور پر 51 ہزار درہم اور 12 ٹریفک پوائنٹس کا جرمانہ ہوسکتا ہے ۔ ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے گاڑیوں کی ضبطگی سے متعلق قانون نمبر 5 مجریہ 2020 کے مطابق ایسی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 1 ہزار درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس جاری ہونگے ۔ اس قانون کے تحت جو گاڑی سوار سرخ روشنی کی خلاف ورزی کریں گے ان کی گاڑی 30 دن کیلئے ضبط کرلی جائے گی اور انہیں گاڑی واپس حاصل کرنے کے بدلے میں 50 ہزار درہم فیس ادا کرنا ہوگی ۔ اس جرم کے مرتکب فرد کا ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ معطل رہے گا اور عائد شدہ جرمانہ یکمشت تین ماہ کے اندر جمع کرانا ہوگا ۔ جرمانہ ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں ضبط شدہ گاڑی کی نیلامی کردی جائے گی ۔