پاکستان رائیڈرز گروپ نے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو الوداع کہا۔
ابوظہبی(نیوزڈیسک)::متحدہ عرب امارات بھر سے 20 سے زائد پاکستان رائیڈرز گروپ ممبران نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو الوداع کرنے کے لیے ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات اور اس سے باہر اپنی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں ان کے عزم اور جوش کو سراہا۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بیرون ملک پاکستان کے سافٹ امیج کو مضبوط بنانے میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات میں اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ان سے ملنے کے لیے امارات کے مختلف حصوں سے سفر کر کے سفارت خانہ پہنچنے پر گروپ ممبران کی تعریف کی۔
اس موقع پر سفیر ترمذی نےپاکستان رائیڈرز گروپ کے صدر جناب عمر طارق کو شیلڈ پیش کی جواباًانہوں نے گروپ کی جانب سے سفیرفیصل نیازترمذی کو ایک یادگاری جیکٹ پیش کی۔ سفیر نے پاکستان رائیڈرزگروپ کے ممبران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
پاکستان رائیڈرز گروپ کے صدر جناب عمر طارق نے سفیر ترمذی کی حمایت اور سرپرستی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کمیونٹی کی متنوع سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے میں گروپ کی کوششوں کو اجاگر کیا۔تقریب میں سفارتخانے کے اعلیٰ حکام اور پاکستان رائیڈرز گروپ کے اراکین نے شرکت کی۔