حکومت متحدہ عرب امارات کی جانب سے سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کواعلی سفارتی خدمات پرزایدثانی فرسٹ کلاس آرڈر ایوارڈ سے نوازاگیا۔
کسی بھی غیر ملکی کو دیا جانے والا یہ سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔
یہ ایوارڈ صرف میرے نہیں بلکہ پاکستانی کمیونٹی اورپاکستان کے لیئے عزت اورفخرکامقام ہے(سفیرفیصل نیازترمذی)
ابوظہبی(اردوویکلی)::صدرمتحدہ عرب امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو ان کی اعلی سفارتی خدمات کے اعتراف میں زاید II فرسٹ کلاس آرڈر سے نوازا ہے۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی کو یہ اعزاز آج ابوظہبی میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران وزارت خارجہ کے وزیر مملکت محترم خلیفہ شاہین المرار نے پیش کیا۔
جناب خلیفہ شاہین المرار نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آلنہیان اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آلنہیان کی جانب سے سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کواس ایوارڈکے حصول پرمبارکباد دی اورانکے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سفیر ترمذی کی سرشار کوششوں کو سراہا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ "یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے پر بے حد مسرور اور دل کی گہرائیوں سے یواے ای حکومت کے ممنون ہیں”۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سینیٹر محمد اسحاق ڈار، نائب وزیر اعظم اور پاکستان کے وزیر خارجہ کا تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکام اور اس کے عوام کا اپنے پورے دور میں مسلسل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سفیر ترمذی نے مزید کہا کہ "یہ اعتراف اکیلے میرا نہیں ہے۔ میں ابوظہبی میں پاکستان کے سفارت خانے، قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ دبئی اورمتحدہ عرب امارات میں موجود اپنی متحرک پاکستانی کمیونٹی کابھی تہہ دل سے مشکور ہوں۔یواے ای میں تعنیاتی کے دوران میری ہمیشہ کوشش رہی کہ اپنے وطن کے لیئے بہتر سے بہترخدمات انجام دے سکوں اس کے لیئے پاکستانی کمیونٹی کے لیئے میرے دفتر اورپاکستان ہاؤس کے دروازے کھلے رہے،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مضبوط سفارتی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیئے جس حد تک ممکن ہوا کوشش کی اور الحمدللہ مجھے فخر ہے میں نے پاکستان کے لیئے بہترکام کیا۔اورہمیشہ وطن کے لیئے ۔بہترخدمات انجام دیتارہونگا،انشااللہ۔مجھے پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ خلوص اور پیاردیا انکی اس محبت اور تعاون پربہت مشکور ہوں اللہ تعالی آپ سب کوشاد وآباد رکھے آمین