جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق گیارہ سو جرمن ڈاکٹروں نے خود کو یوکرین میں اپنی خدمات کے لیے پیش کیا ہے۔ اس سے یوکرین کے ساتھ جرمن یکجہتی کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق یوکرین میں تعیناتی جان کو خطرات سے دوچار کر دینے سے عبارت ہے اس کے باوجود گیارہ سو ڈاکٹروں نے اس مقصد کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کلاؤز رائن ہارٹ کے مطابق زندگی کو خطرات کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں طب کے پیشے سے وابستہ افراد کا خدمات پیش کرنا یوکرین کے لیے اظہار یکجہتی کا اشارہ ہے۔
رائن ہارٹ کے مطابق جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن اس وقت جرمن دفتر خارجہ اور وفاقی وزراتِ صحت کے علاوہ یوکرین اور ہمسایہ ممالک میں قائم جرمن سفارت خانوں سے بات چیت میں مصروف ہے تاکہ ڈاکٹروں کی تعیناتی کا طریقہ کار طے ہو سکے۔
رائن ہارٹ کا مزید کہنا تھا کہ جوں ہی حکومت کی جانب سے انہیں بین الاقوامی ہیومینیٹیریئن فریم ورک کے تحت ڈاکٹروں کی تعیناتی سے متعلق مطلع کیا جائے گا، ہم ڈاکٹر مہیا کر دیں گے۔
اس ضمن میں جرمن وزیرصحت نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ان ڈاکٹروں کو اس طرح تعینات کریں کہ یہ اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالے بغیر امدادی خدمات انجام دے سکیں۔یوکرین اور ہم سایہ ممالک کے درمیان انتہائی قریبی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ یوکرین سے بیمار اور زخمی افراد کو فضائی طریقے سے جرمنی سمیت مختلف یورپی ممالک منتقل کیا جا رہا ہے۔