سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے کہا کہ انڈین پریمئیر لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عمران ملک بھارت کے ورلڈ کپ اسکواڈ کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بالر عمران ملک بھارت میں جاری انڈین پریمئیر لیگ میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ ان دنوں آئی پی ایل 2022 میں کمنٹری کر رہے ہیں۔
کمنٹری کے علاوہ ہربھجن سنگھ اس لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے بارے میں بھی کافی آواز اٹھا رہے ہیں اور اپنی کمنٹری کے دوران وہ بالکل درست باتیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔
آئی پی ایل 2022 میں اب تک بہت سے ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے بلکہ انہوں نے ٹیم انڈیا میں اپنی جگہ کے لیے دعویٰ بھی کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے سینئر وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کے ساتھ ساتھ گجرات ٹیم کے کپتان ہاردک پانڈیا نے بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم میں واپسی کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔
اس فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ ہو سکتا ہے جو اس لیگ میں حیدرآباد کی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں۔ یہ کھلاڑی مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولرعمران ملک ہیں جو اب تک اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم کی توقعات پر کھرا اترے ہیں۔
عمران ملک جو کہ فاسٹ بولر ہیں اس لیگ میں اب تک مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں.
پنجاب کنگز کے خلاف اپنے آخری میچ میں انہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اننگز کا آخری اوور میڈن کیا ،آئی پی ایل میں بہت کم گیند بازوں نے ایسا کیا ہے۔
ہربھجن سنگھ پنجاب کے خلاف عمران ملک کی گیند بازی سے بہت متاثر ہوئے اور کہا کہ عمران کو جلد ہی ہندوستانی ٹیم کی جرسی ملنی چاہیے اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بننے کے مستحق ہیں۔
ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں وہ سب سے زیادہ حقدار ہیں جنہیں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارتی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیئے، کیونکہ عمران ملک ایک میچ ونر بالر ہے۔