امارات میں 5 اور 10 درہم کے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل
ابوظہبی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے 5اور 10 درہم مالیت کے دو نئے بینک نوٹ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے جو پولیمر سے بنے اور جدید تکنیکی خصوصیات اور سیکیورٹی خصوصیات کے حامل ہیں۔نئے بینک نوٹ قومی کرنسی کا دوسرا اور تیسرا اجرا ہیں اور یہ مرکزی بینک کے اس مقصد کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ اگلے 50 سال میں خاص طور پر مالیاتی اور اقتصادی شعبوں میں ملک کی ترقی اور وژن کے ساتھ ہم آہنگ رہے۔ یہ اجرا ابتدائی 50 درہم پولیمر نوٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے۔
۔5 اور 10 درہم کے نئے بنک نوٹ ماحولیاتی معیارات میں اضافے اور ماحول دوست اور قابل استعمال پولیمر مواد کا استعمال کرتے ہوئے پائیدار ترقی کو فروغ دیں گے۔ یہ روایتی کاٹن پیپر بینک نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدارہیں اور ان کی عمر موجود کرنسی نوٹوں سے زائد ہے۔
مرکزی بینک نے صارفین کا اعتماد بڑھانے اور قومی کرنسی کی جعل سازی کی روک تھام کے لیے بہتر تکنیکی خصوصیات اور اعلی معیار کے سیکیورٹی فیچرز(ظاہری اور پوشیدہ) دونوں کا استعمال کیا ہے۔ نئےبینک نوٹوں میں بصارت سے محروم صارفین کو مالیت کی شناخت کرنے میں مدد دینے کے لئے بریل کی علامات بھی شامل کی گئی ہیں۔10 درہم کا کرنسی بینک جمعرات21 اپریل اور 5 درہم والا نوٹ منگل 26 اپریل سے گردش میں آجائیں گے۔۔