روس کے عالمی نمبر آٹھ آندرے روبلیو نے کہا کہ روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر ومبلڈن کی پابندی مکمل امتیازی سلوک اور غیر منطقی ہے۔
آندرے روبلیو ساتھی کھلاڑی ڈینئیل میدویدیف اور بیلا روس کی آرینا سبالینکا کے ساتھ ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جو پابندی کے باعث اس موسم گرما میں ٹینس نہیں کھیل سکیں گے.
واضح رہے کہ رواں ہفتے ومبلڈن نے روس اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر پابندی کا فیصلہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے کیا۔
روبلیو نے کہا کہ جو وجوہات انہوں نے ہمیں دی ہیں ان کا کوئی مطلب نہیں تھا، وہ منطقی نہیں تھے، اوراب جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہمارے ساتھ مکمل امتیازی سلوک ہے۔
بیلاروسی ٹینس فیڈریشن نے کہا کہ وہ آل انگلینڈ لان ٹینس کلب اور لان ٹینس ایسوسی ایشن کے فیصلے کے بارے میں قانونی مشورہ لے رہی ہے۔
آندرے روبلیو نے کہا کہ اس طرح کے تباہ کن اقدامات کسی بھی طرح سے تنازعات کے حل میں معاون نہیں ہوتے، بلکہ صرف قومی بنیادوں پر نفرت اور عدم برداشت کو ہوا دیتے ہیں۔
روبلیو کا بیان اس وقت سامنے آیا جب 24 سالہ کھلاڑی نے سربیا اوپن میں چیک حریف جیری لیہکا کے خلاف 4-6 7-6 (7-1) 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔
فروری میں جنگ شروع ہونے کے کچھ دنوں بعد روبلیو نے امن کی اپیل کی جب اس نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ میں “نو وار پلیز” پیغام کے ساتھ کیمرے کے لینس پر دستخط کیے تھے۔