سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر کے نئے مالک اگر میرا اکاؤنٹ بحال بھی کر دیں گے تو بھی میں ٹوئٹر استعمال نہیں کروں گا.
واضح رہے کہ ٹویٹر نے جنوری 2021 میں امریکی کیپیٹل پر ان کے حامیوں کے حملے کے بعد ٹرمپ کو پلیٹ فارم سے مستقل طور پر معطل کر دیا تھا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس نے یہ فیصلہ 6 جنوری کے فسادات کے بعد “تشدد کو مزید بھڑکانے کے خطرے کی وجہ سے کیا۔ ٹوئٹر پر ٹرمپ کے 80 ملین سے زیادہ فالوورز تھے۔
بین الاقوامی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ارب پتی ایلون مسک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اگر ان کا اکائونٹ بحال بھی کر دیا جاتا ہے تو بھی وہ واپس نہیں آئیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے ہفتے کے دوران سچائی سوشل اسٹارٹ اپ کو باضابطہ طور پر جوائن کر لیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں ٹوئٹر پر نہیں جائوں گا، میں ٹروتھ نیٹ ورک پر ہی رہوں گا۔ مجھے امید ہے کہ ایلون ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس میں بہتری لائیں گے اور وہ ایک اچھے انسان ہیں، مگر میں پھر بھی نئے نیٹ ورک پر موجود رہوں گا۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدے جانے کی خبر منظر عام پر آنے کے تھوڑی دیر بعد ہی ٹرمپ کا ویب سائٹ پر ٹرینڈ کرنے لگ گیا اور لوگ ان کو تلاش کرنے لگے کہ شاید نئی انتظامیہ ان کا اکائونٹ بحال کر دے۔
یاد رہے کہ ٹوئٹر نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر کے عوض سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو خرید لیا ہے۔