بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز جیتنے کے لیے پرعزم
لاہور: بابر اعظم نے نئے سیزن کا آغاز ویسٹ انڈیز کو شکست سے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے طویل سیزن کا آغاز ہوم سیریز میں ویسٹ انڈیز کے شکست دے کر کرنے کا عزم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے پراعتماد ہیں، زیادہ درجہ حرارت میں کھیلنا آسان نہیں ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی کنڈیشنگ کیمپ میں سخت محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اہم سیریز ہونے والی ہیں جس میں اچھی کارکردگی انہیں رواں سال کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد فراہم کرے گی۔
Advertisement
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس کرکٹ کا کافی طویل سیزن ہے، ویسٹ انڈیز کے بعد ہمیں سری لنکا کے اہم دورے پر بھی جانا ہے جبکہ ہمارے پاس انگلینڈ کے خلاف سیریز بھی ہے اور پھر سال کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور کپتان اور ٹیم سب یہ چاہتے ہیں کہ جس مومنٹیم سے گزشتہ سیزن کا اختتام ہوا، اسی پرفارمنس، جوش اور جذبے سے نئے سیزن کا بھی آغاز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اس انداز میں پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں جس سے ٹیم کو مدد ملے۔ مختلف کنڈیشنز میں کھیلتے وقت منصوبہ بندی اہم ہوتی ہے جبکہ میں میدان میں اترتے وقت پرسکون رہنے کی بھی کوشش کرتا ہوں۔
نیوزی لینڈ کی سہہ فریقی سیریز پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ وہاں کی کنڈیشنز آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ جیسی ہیں جس سے ہمیں میگا ایونٹ میں ضرور مدد ملے گی۔