نیپال میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ملبے سے 14 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی آٹھ افراد کی تلاش جاری ہے۔ بد قسمت طیارے میں 19 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان ڈیو چندرا لال کرن نے بتایا کہ اب تک 14 لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ موسم بہت خراب تھا تاہم ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔
اس سے قبل پیر کی صبح نیپالی حکام نے اطلاع دی تھی کہ مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا ہے لیکن اس میں سوار 22 افراد کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
فرانس کے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیپالی فوج کے ترجمان نریان سلوال نے بتایا ہے کہ ریسکیو عملے نے طیارہ کریش ہونے کا مقام ڈھونڈ نکالا ہے اور وہاں کی ایک تصویر بھی بھیجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی ٹیمیں موقع پر پہنچ رہی ہیں تاکہ مزید تفصیلات اکٹھی کی جا سکیں۔
Advertisement
Crash site: Sanosware, Thasang-2, Mustang pic.twitter.com/OcN93N1Qyb
— NASpokesperson (@NaSpokesperson) May 30, 2022
گزشتہ روز اے ایف پی نے نیپال کی تارا ائیر لائنز کے حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ جہاز اتوار کی صبح دوران پرواز لاپتا ہوا۔ دو انجنوں والے اس طیارے نے صبح 9 بج کر 55 منٹ پر نیپال کے مغربی قصبے پوکھارا سے جوم سوم نامی سیاحتی مقام کے لیے اڑان بھری تھی لیکن جلد ہی اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
خیال رہے کہ جومسوم دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغربی علاقے میں واقع کوہ ہمالیہ کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے جو پوکھارا سے 20 منٹ کی فضائی مسافت پر واقع ہے۔