بنگلا دیش کے ضلع چٹاگانگ میں واقع ایک کنٹینر ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی جس میں جھلس کر اب تک 49 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا یہ خوفناک واقعہ چٹاگانگ سے چالیس کلومیٹر دور سیتا کندہ کے علاقے میں واقع نیدر لینڈز اور بنگلا دیش کی مشترکا کمپنی بی ایم کنٹینر ڈپو میں پیش آیا ہے۔ کنٹینر ڈپو میں آگ لگنے کے بعد دھماکا بھی ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ڈپو سے کافی فاصلے پر واقع رہائشی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔
فائر فائٹرز حکام کا کہنا ہے کہ ڈپو میں دھماکا اس وقت ہوا جب فائر فائٹرز اور کنٹینر ڈپو کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں پولیس اور فائر سروس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
Advertisement
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے چٹاگانگ کے ریجنل پولیس چیف انوار حسین کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں پانچ فائر فائٹرز بھی شامل ہیں جبکہ 40 فائر فائٹرز اور 10 پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سی ایم سی ایچ پولیس کیمپ کے انچارج عاشق الرحمٰن نے تصدیق کی کہ ہلاکتوں کی تعداد 49 ہو چکی ہے جبکہ 300 سے زائد زخمیوں کو سی ایم سی ایچ کے مختلف یونٹوں میں داخل کیا گیا ہے جہاں کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔