جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث اپنا دورہ پاکستان مختصر کردیا ہے۔ انہوں نے آج بروز منگل اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برلن میں جرمن وزارت خارجہ نے انالینا بیئربوک کے کووڈ پازیٹیو ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے کو بھی مختصر کردیا ہے۔
جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آج منگل کی دوپہر بیئربوک کو احساس ہوا کہ ان کی ذائقے کی حس چلی گئی ہے۔ اس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، تو اس کا نتیجہ مثبت آیا۔
یاد رہے، انہوں نے علی الصبح اپنا ایک کورونا ریپڈ ٹیسٹ بھی کروایا تھا جس کا رزلٹ منفی رہا تھا۔
دوسری جانب، ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بیئربوک جرمنی واپس کب آئیں گی۔
Advertisement
یاد رہے، جرمن وزیر خارجہ کو آج ہی پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرنا تھی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں واقع جرمن سفارت خانے میں بھی ان کی چند مصروفیات طے تھیں۔
علاوہ ازیں، انالینا بیئربوک کے دورہ پاکستان کے بعد یونان اور ترکی کے دورہ شیڈول تھا تاہم، ان کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وہ پاکستان سے واپسی پر ان دو ممالک میں ملکی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنا چاہتی تھیں۔