انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کے باوجود جو روٹ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹورٹ براڈ اور ساتھی تیز گیند باز جیمز اینڈرسن، انگلینڈ کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دو کھلاڑی یہں جو کیریبین میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے تھے جس کے بعد انگلینڈ کو 1-0 سے شکست ہوئی،تاہم اسی سیریز کے بعد جوروٹ نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
دونوں کھلاڑی گزشتہ ہفتے لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپس آئے تھے اور بطور کپتان بین اسٹوکس کے پہلے میچ میں ٹیم کو پانچ وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
براڈ نے کہا کہ جو روٹ اور میں نے طویل بات کی جب وہ کپتان کے عہدے سے دستبردار ہوئے اور میں نے ان سے کہا کہ وہ بطور کپتان میرے لیے کتنا اہم ہیں، اور ان کے ماتحت کھیلنا کتنا اعزاز ہے۔
فاسٹ بولر نے بتایا کہ میں نے روٹ سے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ واقعی اگلے چند سالوں سے لطف اندوز ہوں گے، وہ پہلے ہی کھیل کا ایک لیجنڈ ہے۔
Advertisement
35 سالہ فاسٹ بولر نے لارڈز میں چار وکٹیں حاصل کیں، جس میں دوسری اننگز میں ایک اوور میں دو وکٹیں بھی شامل تھیں جس نے میچ کو انگلینڈ کے حق میں کر دیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ جمعہ سے ٹرینٹ برج میں شروع ہو گا۔