بھارت، موبائل پر گیم کھیلنے سے منع کرنے پر بیٹے نے ماں کی جان لے لی

60

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں 16 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر موبائل پر گیم کھیلنے سے منع کرنے پر ماں کی جان لے لی۔

بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ پیر کے روز واقعے سے قبل ماں بیٹے میں جھگڑا ہوا تھا کیونکہ بیٹا کثرت سے موبائل پر گیم کھیلتا تھا اور واقعے کے روز بھی سادھنا نامی 40 سالہ خاتون نے اسے گیم کھیلنے سے منع کیا تھا۔

پولیس کے مطابق لڑکے نے اپنی ماں کے سر میں گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔ واردات میں لڑکے نے اپنے باپ کا لائسنس یافتہ پستول استعمال کیا۔ قتل کے بعد لڑکے نے لاش کو گھر میں ہی چھپا دیا اور تین روز تک لاش کی بُو روکنے کے لیے ایئرفریشنر کا استعمال کرتا رہا۔ لڑکے نے نو سالہ چھوٹی بہن کو بھی اس واقعے کے بارے میں کسی کو کچھ نہ بتانے کے لیے ڈرایا دھمکایا تھا۔

Advertisement

لڑکے کے باپ کا تعلق فوج سے ہے اور اس کی پوسٹنگ کولکتہ میں ہے۔ باپ کے گھر لوٹنے پر لڑکے نے ایک فرضی کہانی گھڑی اور اسے بتایا کہ ماں کو الیکٹریشن نے گولی ماری تھی جس کو گھر میں کسی کام کے لیے بلایا گیا تھا۔

لکھنؤ پولیس کے سینیئر افسر ایس ایم قاسم عابدی کا کہنا ہے کہ لڑکے کے والد نے یہی کہانی پولیس کو بھی بتائی کہ الیکٹریشن نے اس کی بیوی کو گولی ماری ہے تاہم جب تحقیقات شروع کی گئیں تو پتہ چلا کہ اصل بات کچھ اور ہے جس پر لڑکے کو حراست میں لیا گیا۔ لکھنؤ پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے بعد لڑکے نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }