افغانستان کا کلین سوئپ، سری لنکا کے لئے خطرے کی گھنٹی

45

زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں افغانستان کے کلین سوئپ نے سری لنکا کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی ون ڈے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی جاری ہے۔ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا۔ یہ سیریز عالمی کپ سپرلیگ کا حصہ ہے۔

افغانستان کی ٹیم کی سیریز میں کامیابی کے ساتھ 100 پوائنٹ بھی پورے ہوگئے ہیں اور وہ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

افغانستان کی ٹیم 100 پوائنٹ تک پہنچنے والی صرف دوسری ٹیم بھی ہے۔ دوسری طرف زمبابوے کی خراب کارکردگی جاری ہے۔

زمبابوے کی لیگ میں 11 ویں شکست ہے۔ وہ 13 ٹیموں کے ٹیبل میں 12ویں نمبر پر قابض ہے۔ افغانستان کی اچھی کارکردگی سے سابق عالمی چمپئن سری لنکا پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔

سری لنکا کو ہندوستان میں 2023 میں ہونے والے ون ڈے عالمی کپ کے لئے کوالیفائر تک میں کھیلنا پڑ سکتا ہے۔

Advertisement

عالمی کپ سپر لیگ میں کل 13 ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس میں سبھی ٹیموں کو 3-3 میچوں کی 8 سیریز کھیلنی ہے۔ 4 سیریز گھر پر اور 4 سیریز باہر کھیلنا ہے۔

مجموعی طور پر 24 مقابلے ہوں گے، ہر میچ کے جیتنے پر 10 پوائنٹ ملتے ہیں۔

سپر لیگ کی ٹاپ 7 ٹیمیں اور میزبان بھارت کو براہ راست عالمی کپ میں انٹری ملے گی، جبکہ سپر لیگ کی باقی ماندہ 5 ٹیموں کو دیگر 2 جگہ کے لئے کوالیفائر کھیلنا ہوگا۔

افغانستان نے اب تک 12 مقابلے کھیلے ہیں۔ 10 میں اسے جیت ملی ہے، جبکہ 2 میں شکست ملی ہے۔ اس کے 100 پوائنٹ ہیں۔

سپر لیگ میں بنگلہ دیش کے 18 میچ کے بعد 120 پوائنٹ ہیں، بنگال ٹائیگرز کو 12 میچوں میں اسے جیت ملی ہے، جبکہ 6 میں شکست ہوئی۔

 عالمی کپ سپر لیگ کے ٹیبل کی بات کریں، تو ابھی انگلینڈ کی ٹیم 95 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے 15 مقابلے کھیلے ہیں اور 9 میں جیت حاصل کی ہے۔

 ویسٹ انڈیز کے 19 میچ میں 80 پوائنٹ ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے۔ بھارت نے اب تک 12 مقابلے کھیلے ہیں۔ 8 میں اسے جیت ملی ہے جبکہ 4 میں شکست۔ وہ 79 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

آسٹریلیا کے 12 میچوں میں 70، پاکستان کے 13 میچوں میں 70 اور آئر لینڈ کے 18 میچوں میں 68 پوائنٹ ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم 9 ویں نمبر پر قابض ہے۔ اس نے اب تک 18 مقابلے کھیلے ہیں اور صرف 6 میں اسے جیت ملی ہے جبکہ 11 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سری لنکا کا ایک میچ کا نتیجہ نہیں آیا ہے اور اس کے 62 پوائنٹ ہیں۔ اگر وہ باقی 6 میچ میں جیت حاصل کرتی ہے تو اس کے 122 پوائنٹ ہی ہوں گے۔ ایسے میں اسے بنگلہ دیش اور افغانستان سے سخت ٹکر ملے گی۔

وہیں نیوزی لینڈ نے اب تک کھیلے گئے سبھی 6 میچ جیتے ہیں اور اس کے 60 پوائنٹ ہیں۔ جنوبی افریقہ نے 13 میں سے 4 میچ جیتے ہیں، جبکہ 7 میچوں میں شکست ملی ہے۔ وہ 49 پوائنٹ کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہے۔

ہالینڈ کے 13 میچوں میں 25 پوائنٹ ہیں اور وہ سب سے نچلے مقام پر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }