متحدہ عرب امارت میں این 95 ماسک بنانے والے ادارے کو 2020 کے تمام آرڈر موصول
العین، 11 جولائی، 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی 3 کروڑ یونٹس سے زیادہ سالانہ پیداواری صلاحیت کی حامل ریسپی ریٹر تیار کرنے والی فیکٹری جو مئی میں العین میں قائم کی گئی کو این 95 ماسک کے 2020 کے اختتام تک کے آرڈر موصول ہوگئے ،یہ بات ایک اعلی انتظامی عہدیدار نے امارات خبر ایجنسی وام کو بتائی۔ مبادلہ سرمایہ کاری کمپنی کی سٹراٹا مینوفیکچرنگ کے سی ای او اسمعیل علی عبداللہ نے بتایا کہ ہم نے ہیلتھ کیئر ورکرز اور ایمرجنسی ریسپانس پرسنل سمیت عرب امارات کے فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو این 95 ماسک فراہم کئے ہیں اورعرب امارات کے اداروں کی جانب سے سال کے اختتام تک کے آرڈر بھی حاصل کئے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے ہنی ویل کے ساتھ شراکت داری سے خلیج کے خطے میں این95 ماسک تیار کرنے والی پہلی پروڈکشن لائن قائم کی ہے جس سے بیرون ملک سے ماسک برآمد کرنے کی ضرورت مں کمی ہوئی ہے۔ اس پیداواری سہولت سے یومیہ 90ہزار یونٹ تیار ہوسکتے ہیں ہم ملکی ضروریات کو پورا کرنے اور دوسرے ممالک کی ضروریات کے مطابق پیداوار کے لئے پرعزم ہیں۔ متحدہ عرب امارات سے این95 ماسک کی برامد کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ابتدائی طور پر مقامی طلب کو پورا کرنے پر ہے۔ تاہم ، ہم بین الاقوامی طلب کا پوری طرح سے جائزہ لے رہے ہیں ہم عالمی کوششوں کی حمایت کے لئے اضافی مقدار برآمد بھی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پی پی ای (ذاتی تحفظ کے سازوسامان) تک رسائی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کو کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوششوں میں درپیش ایک سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پیداواری عمل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات کو مقامی اور بین الاقوامی معیار کے مختلف حکام سے تمام ضروری سرٹیفیکیٹس مل چکے ہیں۔لاگت کے بارے میں عبد اللہ نے کہا کہ مقامی پیداوار کے ذریعے ہم نے این 95 ماسک اور رسد کے اخراجات کو خاطر خواہ کم کیا ہے ۔
عبد اللہ نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد اپنے کاروباری پلیٹ فارمز اور اثاثوں سے متعلق اقدامات اور کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کمیونٹیز کی مدد کی جاسکے اور وبائی بیماری کے پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ اپنی مینوفیکچرنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ، ہم اس جنگ میں شامل ہونے اور پی پی ای کے لئے بڑھتی ہوئی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ہم مسلسل مزید اقدامات کررہے ہیں ، جس کا حتمی مقصد باقی دنیا کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹراٹا اپنی پیداواری صلاحیت اور معیار کے لئے مشہور ہےاور ہمیں یقین ہے کہ ہماری مہارت کوویڈ-19کے خلاف عالمی جنگ میں وسیع کردار ادا کرے گی اور فرنٹ لائن کارکنوں کی حفاظت میں مدد کرے گی