اب ہفتے کے سات دن کی بجائے صرف 5دن ویکسین لگائی جایئگی۔(ابوظہبی ہیلتھ سروسزاتھارٹی)۔
ابوظہبی (اردوویکلی):: متحدہ عرب امارات ویکسین لگانے کی شرح میں دُنیا کے دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اب تک 55لاکھ سے زائد افراد کو کوویڈ ویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک دینے کاعمل مکمل کیاجاچکاہے۔ اماراتی حکومت نے آئندہ جون سے پہلے پہلے تمام افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ مقرر کر رکھا ہے لیکن قوی امیدہے کہ یہ ہدف کئی ماہ پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ ابوظہبی صیحہ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ویکسی نیشن پروگرام کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا گیا ہے۔ ابوظبی ہیلتھ سروسز اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیاگیا ہے کہ اب ابوظہبی ویکسین لگانے کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب پورے ہفتے کی بجائے صرف پانچ روز ویکسین لگائی جائے گی ۔جمعہ اور ہفتہ کو ویکسین لگانے کا عمل روک دیا گیا ہے۔نئے شیڈول کے مطابق اب اتوارسے جمعرات تک ویکسین لگائی جائے گی۔جن افراد کوصیحہ کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کے روز ویکسین لگانے کا وقت دیا گیا تھا، وہ شیڈول کی اس نئی تبدیلی کو نوٹ کر لیں۔ابوظبی میڈیا آفس کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے جن لوگوں کی جمعہ اور ہفتہ کی اپوائنٹمنٹ منسوخ ہو گئی ہیں، وہ باقی کے پانچ روز میں سے کسی بھی دن ویکسین لگوا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹرفریدہ الحوسنی نے بتایا ہے کہ اگر کسی شخص کو ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد کوروناکامرض لگ جاتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ مکمل صحت یابی کے بعد ہی ویکسین کا دوسرا انجکشن لگوائے۔البتہ علامت درمیانے یا شدید درجے کی ہونے کی صورت میں کسی طبی مرکز میں جا کر ڈاکٹرسے لازمی مشورہ کر ے ،ڈاکٹر امیونٹی ٹیسٹ کے بعد ہی فیصلہ کرے گا کہ مریض کو مقررہ تاریخ پر ویکسین کی دوسری خوراک دی جائے گی یا شفا پانے کے بعد ہی ایسا کرنا ہو گا۔