ساؤتھ ایشیا اولمپک کمیٹی نے ساؤتھ ایشین گیمز 2023 کی میزبانی پاکستان کو دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کو ساؤتھ ایشین گیمز 2023 کی میزبانی مل گئی ہے جو اگلے سال اکتوبر و نومبر میں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 25 سے زائد کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جبکہ ایونٹ کے میچز لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے بھی ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ بھارت کی بیس بال ٹیم ایونٹ میں شرکت کرے گی۔
Advertisement
اس حوالے سے بھارت بیس بال سافٹ بال فیڈریشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو خط لکھتے ہوئے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
بیس بال سافٹ بال فیڈریشن آف انڈیا کے سیکرٹری منوج کوہلی نے خط میں لکھا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ گیمز میں بیس بال کو شامل کیا جائے گا ہم بحیثیت فیڈریشن تصدیق کرتے ہیں کہ ہم ایونٹ میں حصہ لیں گے اس لیے ہمیں باضابطہ طور دعوت نامہ بھیجیں تاکہ ہم ضروری تیاریاں مکمل کرسکیں۔