اوئن مورگن کا صحیح وقت پر صحیح فیصلہ
اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ بہت غور و خوض کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے جوکہ صحیح وقت پر صحیح فیصلہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے اوئن مورگن کی ریٹائرمنٹ کا بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ بہت غور و خوض کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کیریئر کے سب سے بہترین اور فائدہ مند باب کے بعد یہ فیصلہ لینا آسان نہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہی صحیح وقت ہے فیصلہ کرنے کا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے ذاتی طور پر اور انگلینڈ کی وائٹ بال سائیڈز جس کو میں نے اس مقام تک پہنچایا، دونوں کے لیے یہی بہتر رہے گا کہ میں ریٹائر ہوجاؤں۔
Advertisement
واضح رہے کہ اوئن مورگن کی کپتانی میں ہی انگلش ٹیم نے 2019 کا ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا جبکہ ان کی قیادت میں ہی انگلینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم پر رہی ہے۔
اوئن مورگن کا شمار انگلینڈ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں ہوتا ہے جبکہ وہ انگلینڈ کی جانب سے 225 ون ڈے اور 115 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
اوئن مورگن نے ون ڈے میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 7701 رنز بنائے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 126 ون ڈے میچز کھیلے جس میں 76 میچز میں انہیں کامیابی نصیب ہوئی۔
علاوہ ازیں انہوں نے انگلینڈ کے لئے 16 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جس میں انہوں نے 2 سنچریوں اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 700 رنز بنائے ہیں۔
مایہ ناز بلے باز 115 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2458 رنز بناچکے ہیں جس میں 14 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ وہ پی ایس ایل کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 35 سالہ بیٹر کو پرفامنس اور فٹنس کے مسائل کا سامنا رہا ہے جبکہ نیدرلینڈز کے ساتھ حالیہ ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں میں مورگن صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
اس تمام صورت حال کے بعد انہوں نے خود ہی تیسرا میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جبکہ اس کارکردگی نے انہیں ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کیا ہے۔