انگلینڈ کرکٹ بورڈ، حج کی روانگی پر عادل رشید کو مبارکباد

87
Print Friendly, PDF & Email

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر لیگ اسپنر عادل رشید کو فریضہ حج کی روانگی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنرعادل رشید اہلیہ کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ  اور عادل رشید کی کاؤنٹی ٹیم یارکشائر نے لیگ اسپنر کو فریضہ حج کے لیے مکہ جانے کے لیے چھٹی دے دی ہے۔

مناسک حج کی ادائیگی کی وجہ سے عادل رشید بھارت کے خلاف انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز اور یارکشائر کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے آخری مراحل میں ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔

انگلینڈ کے معروف لیگ اسپنر نے اس سال کے شروع میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ حج کرنے کے لیے اپنی زندگی میں صحیح وقت نکالیں گے۔

عادل رشید ممکنہ طور پر جولائی کے وسط میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز سے پہلے انگلینڈ واپس پہنچ جائیں گے.

عادل رشید نے فریضہ حج کے حوالے سے کہا کہ میں بہت پہلے سے سوچ رہا تھا کہ خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺ کی حاضری دوں گا۔

عادل رشید نے مزید کہا کہ مجھے وقت کے ساتھ یہ بہت مشکل لگ رہا تھا لیکن اس سال مجھے محسوس ہوا کہ میں یہ فریضہ ادا کر سکتا ہوں۔

عادل رشید نے حج کی ادائیگی کے لئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور یارکشائر سے بات کی ، جنہوں نے عادل رشید کو اس مقدس فریضے کی ادائیگی کی اجازت دے دی۔

لیگ اسپنر نے اس لمحے کو قیمتی اور بڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان کے لیے مناسک حج اولین ترجیح ہوتی ہے، اور ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایک دفعہ یہ فریضہ ادا کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.