فتویٰ کونسل نےکوروناویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی
متعلقہ حکام سے تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی اپیل
ابوظہبی(اردوویکلی):: شیخ عبد اللہ بن بیہہ کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے فتویٰ کونسل نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے جس میں انسانی جسم کے تحفظ اور دیگر متعلقہ اسلامی احکام کے بارے میں اسلامی شریعت کے مقاصد کی تعمیل میں انسداد کورونا ویکسین استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ فتویٰ کورونا ویکسین کی حلال حیثیت کے بارے میں مسلمانوں میں بڑھتے ہوئے خدشات اور ملائیشیا کے وزیر مذہبی امور کے اسی موضوع پر متحدہ عرب امارات کے فتویٰ کونسل کی مشاورتی رائے کی درخواست کے جواب میں دیا گیا ہے۔ فتویٰ کونسل نے وضاحت کی ہے کہ اسلامی اصولوں کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی درجہ بندی حفاظتی میڈیسن کے تحت کی جاتی ہے خاص طور پر وبائی امراض کے اوقات میں جب صحت مند افراد کے بھی اس بیماری میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہو اور اس وباء کا پورے معاشرے میں پھیلنے کا خطرہ ہو۔ فتویٰ کونسل نے مزید کہا ہے کہ اگرچہ اس ویکسین میں ایسے غیر حلال اجزاء شامل ہیں جو اسلام میں مانع ہیں تاہم اسلامی قوانین کے مطابق کوئی متبادل نہ ہونے کی صورت میں ایسی مصنوعات کے استعمال کی اجازت ہے۔ کونسل نے اس بیماری کی انتہائی متعدی نوعیت کو اس کے استعمال کا جواز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس وباء کے سنگین نتائج سے دوچار ہونے کے خطرے سے بچنے کیلئے اس کا استعمال جائز ہے۔ کونسل نے کہا کہ متعلقہ طبی اور دیگر مجاز حکام ویکسین کے مضر اثرات کا اندازہ لگانے کے مجاز ہیں۔ کونسل نے عوام سے ویکسینیشن مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام سے تعاون کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ہے