انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اولمپک اتھلیٹ مُو فرح نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی شہریت کے لیے انہوں نے اپنا نام بدل لیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق اولمپک سٹار نے پیر کے روز انکشاف کیا کہ ان کا اصل نام حسین عابدی کہن ہے لیکن انہیں محمد فرح کے نام سے برطانوی شہریت ملی ہے۔
برطانوی اتھلیٹ کا کہنا ہے کہ محمد فرح ان لوگوں کا نام تھا جو اسے غیر قانونی طور پر برطانیہ لائے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ہوم آفس محمد فرح کی اس غلط بیانی پر تحقیقات نہیں کرے گا۔
برطانوی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد فرح نے کہا کہ یہ میرا ملک ہے۔ اگر میرے پی ای ٹیچر ایلن اور وہ لوگ نہ ہوتے جنہوں نے میرے بچپن میں میرا ساتھ دیا تو شاید میں یہ کرنے کی ہمت بھی نہ کرتا۔
موُ فرح کے نام سے مشہور اتھلیٹ کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ ہیں جن کا میں اپنی زندگی کا مقروض ہوں، خاص طور پر میری بیوی، جو میرے پورے کیریئر میں بہت سپورٹ کرتی رہی ہے۔
Advertisement
مُو فرح کے مطابق میری بیوی نے مجھے طاقت دی کہ میں آکر اس کے بارے میں بات کروں، اور مجھے بتایا کہ ایسا کرنا ٹھیک ہے۔
سر مو کو دنیا بھر کے لوگوں کی جانب سے حمایتی پیغامات موصول ہوئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ انکشافات پر ردعمل “ناقابل یقین” رہا ہے۔