شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ وہ امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ ممکنہ فوجی تنازعات میں اپنے جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے آج کم جونگ اُن کا سابق فوجیوں سے خطاب نشر کیا جس میں انہوں نے حریف ممالک پر جزیرہ نما کوریا کو جنگ کے دہانے پر پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 53۔1950ء کی کوریائی جنگ کے خاتمے کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر جنگ میں شامل سابق فوجیوں سے کم جونگ اُن کے خطاب کا مقصد بظاہر کورونا وبا کے باعث معاشی مشکلات کے شکار ملک میں اندرونی اتحاد کو فروغ دینا تھا۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق کم نے اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی کوریا کی مسلح افواج کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کا جوہری دفاع بھی تیزی سے متحرک کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے خلاف کسی بھی خطرناک کوشش کا فوری بھرپور جواب دیا جائے گا اور جنوبی کوریا کو صفحہء ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔
Advertisement
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی جنوبی کوریا کی فوجی مشقیں امریکا کے دہرے معیار اور دھونس کو ظاہر کرتی ہیں۔ کم نے جنوبی کوریا کے نئے صدر یون سک یول کو محاذ آرائی کا دیوانہ بھی کہا۔ واضح رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا مشترکا فوجی مشقوں میں اضافے کی تیاری کر رہے ہیں۔
رواں سال جون میں شمالی کوریا نے آرٹلری شیل کا تجربہ کیا جو بظاہر سمندر کی سمت میں کیا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق یہ تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ملک کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی صلاحیت بڑھانے کے بیان کے کچھ روز بعد کیا گیا۔ مارچ میں شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ بھی کیا تھا جو امریکا تک رسائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Advertisement