اسرائیل میں بس پر حملہ، چھ فوجی زخمی
اسرائیل میں بس پر فائرنگ سے چھ فوجی زخمی ہوگئے ہیں جن میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی حملہ آوروں نے مغربی کنارے کے علاقے میں بس پر حملہ کیا جس میں چھ فوجیوں سمیت ایک عام شہری بھی زخمی ہوگیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس حملے کے شبے میں دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ افراد نے اپنی گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
Advertisement
رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد کی گاڑی کو آگ لگی تھی جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے جب کہ اسرائیلی میڈیا پر جاری کی گئی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ جیسے ہی مشتبہ افراد اپنی جلتی گاڑی سے اترے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
Advertisement
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مستعدی کے ساتھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقع اسرائیل کے مغربی کنارے کو اردن سے ملانے والی مرکزی شاہراہ روٹ 90 پر پیش آیا ہے جب کہ اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں مغربی کنارے کے علاقے پر قبضہ کیا تھا۔
Advertisement
شاہراہ کے اطراف میں اسرائیلی آباد کاروں کی بستیاں اور فلسطینی گاؤں و قصبے موجود ہیں جب کہ اسرائیل نے 1967 کے بعد یہاں اپنے شہریوں کی آباد کاری شروع کی تھی۔
یاد رہے کہ اس آباد کاری کو عالمی برادری کی اکثریت غیر قانونی قرار دیتی ہے اور اسے مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں رکاوٹ سمجھتی ہے۔
Advertisement