بسمہ معروف ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید
بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کھیلنے کے لیے 28 ستمبر کو لاہور سے بنگلہ دیش کے راستے دبئی روانہ ہوگی۔
سات ٹیموں پر مشتمل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ یکم اکتوبر سے بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ویمنز ٹیم 28 ستمبر کو روانہ ہوگی جب کہ ایونٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو ہوگا۔
بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ویمنز ٹیم نے لاہور کنٹری کلب میں دس روز تک ٹریننگ کی جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کے علاوہ پریکٹس میچز کھیلے۔
اس موقع پر کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ’ہماری پچھلی سیریز اچھی نہیں رہی، اس لیے ہم ٹیم کو دوبارہ بنانے اور اپنی جیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔
Advertisement
انہوں نے کہا کہ ہمارے کوچز نے کیمپ میں کھلاڑیوں پر بہت محنت کی ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں ہونے والے میچز میں مزید پریکٹس کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کو متعدد میچ فراہم کرتا ہے جو بالآخر ہمیں اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے خود کو تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
Advertisement
بسمہ معروف نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم پوری طرح تیار ہو کر آئے گی اور ہم اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔
کپتان کہتی ہیں بھارت کے خلاف ہونے والا میچ ایک اہم میچ ہے لیکن اس سے پہلے بھی ہمارے میچز ہیں۔ ہم ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ٹریننگ کیمپ سے قبل دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر فاطمہ ثناء ٹخنے میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔
فاطمہ ثناء کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کا ایک حصہ رہی ہیں اور یقیناً ان کی غیر موجودگی ہمارے لیے ایک دھچکا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ میں اپنا پہلا میچ 2 اکتوبر کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی جب کہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 7 اکتوبر کو ہوگا۔
Advertisement