کابل میں واقع وزارت داخلہ کی مسجد میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی
افغان دارالحکومت کابل میں وزارت داخلہ کے دفتر کی مسجد میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارلحکومت کابل میں واقع وزارت داخلہ کے دفتر میں قائم مسجد میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے سے آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جب کہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے دھماکہ وزارت داخلہ کی مسجد میں ہوا، جہاں حکام اور عام شہری نماز ادا کرتے ہیں جب کہ دھماکے کے وقت بھی نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن کی تعداد 25 بتائی جارہی ہے جب کہ 7 افراد کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
Advertisement
رپورٹ کے مطابق دھماکے میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، دھماکے کے بعد طالبان کے اہلکاروں نے دفتر کا گھیراؤ کرلیا ہے۔
دوسری جانب کسی گروپ نے اب تک ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم داعش خراسان کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ اس سے قبل ہونے والے حملوں میں بھی یہی گروپ ملوث رہا ہے۔
Advertisement