ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی پہلی فتح، نیدرلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست

73

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ12 مرحلے میں پاکستان نے نیدرلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ 

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈ کے بلے باز پاکستانی پیس بیٹری کا سامنا نہ کرسکے اور شاہینوں کو جیت کے لیے 92 رنز کا آسان ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 3 وکٹ کے نقصان پر 13 اعشاریہ 5 اوورز میں پورا کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ناکامی کا سلسلہ نیدرلینڈ کے خلاف بھی جاری رہا، وہ محض 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

Advertisement

ابتدائی دونوں میچز میں ناکام رہنے والے ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز محمد رضوان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم وہ صرف ایک رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 39 گیندوں پر 49 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ شان مسعود 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس سے قبل نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور شاہینوں نے کسی ایک بلے باز کو بھی وکٹ پر سیٹ ہونے نہیں دیا۔

 نیدرلینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز ہی بناسکی۔ نیدرلینڈ کی جانب سے کولن ایکرمین  27 اور اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اننگز کا آغاز کرنے والے اسٹیفن مائیبرگ 6 اور میکس او ڈاؤڈ 8 رنز ہی بناسکے جب کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بیس ڈی لیڈ 6 رنز کے بعد حارث رؤف کی گیند سر پر لگنے سے ریٹائرڈ ہرڈ ہوگئے۔ ٹام کوپر ایک، ٹم پرنگل 5 اور لوگن وین بیک نے 6 رنز بناسکے جب کہ فریڈ کلاسن کھاتہ کولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 3 ، محمد وسیم جونیئر نے 2 جب کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم ، شاداب خان ، محمد رضوان،شان مسعود، افتخار احمد ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر،شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے۔ قومی ٹیم کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹ اور زمبابوے  کے ہاتھوں ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }