شان مسعود نے زمبابوے کے خلاف اپ سیٹ شکست کی ذمہ داری قبول کرلی
قومی ٹیم کے بلے باز شان مسعود نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز شان مسعود نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں زمبابوے کے خلاف آخر تک کھڑے نہ ہونے اور میچ ختم نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اس میچ میں پاکستان ٹیم کو ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ میچ کے اختتام پر شان مسعود نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ٹیم کے لیے میچ کو ختم نہ کر پانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
Advertisement
ان کا کہنا تھا کہ میں ہر گیند کو کھیلنے کی کوشش کررہا تھا، مجھے لگتا ہے کہ میں میچ کو ختم کرنے کی پوزیشن میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ گیم ہے جو آپ اپنے ملک کے لیے جیتتے ہیں اور خاص طور پر جب آپ آخری نمبر پر بلی بازی کررہے ہوں لیکن میں بہت مایوس ہوا جب کہ میں مضحکہ خیز طریقے سے آؤٹ ہوا جس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ اس میچ میں شان مسعود 38 گیندوں پر 44 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے تھے۔
شان مسعود کہتے ہیں کہ ’ہمارے پاس اب بھی 3 میچز باقی ہیں لیکن اب ہمیں دوسرے نتائج پر انحصار کرنا ہے جو کھیل کی خوبصورتی بھی ہے۔
بلے باز کے مطابق کھیل میں مضحکہ خیز چیزیں بھی ہوتی رہتی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ مایوسی ہوئی ہے جب کہ دو میچز اچھے مارجن سے ہارنا مایوس کن ہے کیونکہ ہم گروپ میں پوائنٹ کی اہمیت کو جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مایوسی کو دور کرنے کے لیے ہمیں گراؤنڈ پر اترنا ہوگا اور اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا جب کہ اتوار کو ہونے والے میچ کی جیت ہمارے اعتماد میں اضافہ کرے گی۔
شان مسعود نے اس بات پر زور دیا کہ سب کھلاڑیوں کو میچز میں اپنا حصہ ڈالنے کی انتہائی ضرروت ہے۔