فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے گروپ سی کے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سعودی عرب نے ارجنٹائن کو اپ سیٹ شکست دی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کی ورلڈ کپ میں تاریخی فتح پر جہاں ایک طرف سعودی عرب میں جشن کا سماع ہے وہیں دوسری طرف شائقین فٹ بال بھی ارجنٹائن کی اس شکست پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستان کے سابق بلے باز محمد یوسف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی عرب کی فتح پر ایک پوسٹ کی ہے، اور اس سنسنی خیز مقابلے کے حوالے سے اپنا ردعمل دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی عرب نے عالمی نمبر 3 اور دو مرتبہ کی عالمی چمپئین ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا ہے۔
Advertisement
قطر کے لوسیل فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا، دونوں ٹیموں کی جانب سے تابڑ توڑ حملے کئے گئے، میچ میں ارجنٹائن کے اسٹار فارورڈ لیونل میسی نے 10 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کیا۔
دوسرے ہاف میں سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے عالمی فٹ بال کے شائقین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، میچ کے دوسرے ہاف میں 10 منٹ کے بعد صالح الشہری نے خوبصورت گول کر کے ارجنٹائن کی برتری کو برابر کیا۔
ابھی ارجنٹائن سعودی عرب کے اس حملے سے سنبھل بھی نہیں پایا تھا کہ سالم الدوسری نے پانچ منٹ کے وقفے سے دوسرا گول کر کے میچ میں برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ کے دوران عربی میں ہونے والی کمنٹری نے بھی شائقین فٹ بال کے دل جیت لیے۔
پاکستان کے سابق بلے باز محمد یوسف سعودی عرب کی اس شاندار کارکردگی سے متاثر ہوئے اور ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں میچ کی ویڈیو شئیر کی اور تاریخی کامیابی پر سعودی عرب کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
محمد یوسف نے میچ کے دوران ہونے والی عربی کمنٹری کی بھی داد دی اور کہا کہ، کیا زبردست کمنٹری ہے اور کیا گول ہے۔
Advertisement