کینیا سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان قطر میں لوگوں کو میٹرو اسٹیشن تک پہنچانے کے اپنے تخلیقی طریقہ سے مداحوں کا پسندیدہ بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کینیا سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ ابوبکر عباس قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران مداحوں کے لیے پسندیدہ اور حادثاتی طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔
ابو بکر عباس دوحہ کے معروف تاریخی بازار ’سوق وقف‘ میں ٹینس امپائر کی کرسی پر بیٹھ کر اور سخت کاغذ کی ایک بڑی انگلی پہن کر میگا فون کے ذریعے سیکڑوں شائقین کی قریبی میٹرو اسٹیشن تک رہنمائی کر رہے ہیں۔
ابوبکر عباس کا جملہ ’ میٹرو اس طرف، میٹرو اس طرف‘ اب ایک مشہور جملہ بن چکا ہے، جبکہ مداحوں نے انہیں ’میٹرو مین‘ کا نام دے دیا ہے۔
ایک مداح نے عباس کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ ہم اس سے محبت کرتے ہیں، ہم میٹرو والے سے محبت کرتے ہیں۔
Advertisement
چیلسی فٹ بال کلب کی شرٹ میں ملبوس ایک نوجوان نے کہا کہ میٹرو مین کا انداز انتہائی عجیب اور مضحکہ خیز ہے جو ہمیں ہنسنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
معروف تاریخی بازار سوق وقف میں آنے والے لوگ اب باقاعدگی کے ساتھ ابو بکر عباس سے ملتے ہیں ان سے بات چیت کرتے ہیں اور سیلفیاں بنواتے ہیں۔
ابو بکر عباس کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں، لیکن پراسرار سوشل میڈیا اسٹار نے ایک غیر معمولی کام کے ذریعے لوگوں میں جوش و خروش لانے کے لیے تعریفیں حاصل کی ہیں۔
Advertisement