امریکی۔اسرائیلی وفد کی امارات کے قومی مشیر سےملاقات
دونوں ممالک کا مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور
ابوظہبی :(اردو ویکلی):: متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے مشترکہ امریکی اسرائیلی وفد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر جیریڈ کشنر کی قیادت میں ابوظبی میں قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نھیان سے ملاقات کی۔ امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان، ایگزیکٹو کونسل کے رکن، ابوظبی ایگزیکٹو آفس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نھیان،چیئرمین ابوظبی ایگزیکٹو افیئر اتھارٹی خلدون خلیفہ المبارک اور کسٹمز کے کمشنر اور فیڈرل کسٹم اتھارٹی کے چیئرمین علی سعید مطر النیادی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن اور اور اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ اور قومی سلامتی کے مشیر میر بین شببت شامل تھے ۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات اور خطے میں امن، استحکام، تعاون اور ترقی کی حمایت کے لئے دونوں ممالک کے مفادات اور مختلف شعبوں میں مستقبل کے تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ مشترکہ وفد ایک اسرائیلی تجارتی طیارے کے ذریعے ابوظبی پہنچا جو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین امن معاہدے کے اعلان کے بعد اس عرب ملک کی سرزمین پر اترنے والا پہلا طیارہ ہے۔۔(وام نیوز)۔۔