پاکستان سےامارات آنے والوں کے لیئے خوشی کی خبر
آج 24 ستمبر 2020ء سے نئے ویزوں کے اجراء کا سلسلہ بحال کر دیا گیا ہے
ابوظہبی (اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات نے گزشتہ کئی ماہ سے کورونا وبا کے باعث نئے ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا رکھی تھی۔ جس کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی جو بہتر مستقبل کی تلاش میں امارات جانا چاہتے تھے، ان کی خواہشات پر پانی پھر گیا تھا۔ تاہم آج ان کے ارمانوں کونئی نوید مل گئی اوراب ان کے لیے خوش ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ یواے ای حکومت نے آج سے ویزہ سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یواے ای کی فیڈرل اتھارٹی فار اڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کا کہنا ہے کہ آج 24 ستمبر 2020ء سے نئے ویزوں کے اجراء کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ البتہ ورک پرمٹس کااجرا ابھی مؤخررکھا گیا ہے کیونکہ ابھی صرف نئے انٹری پرمٹس کا اجراء ہو گا، ورک پرمٹس فی الحال جاری نہیں کیے جائینگے۔اُمید ہے کہ یہ سروس بھی عنقریب بحال ہو جائے گی۔ آئی سی اے نے اماراتی ریاست میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد مارچ 2020ء میں ویزہ سروس معطل کر دی تھی، جو آج سے دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔ ویزہ سروس دوبارہ شروع کرنے کا مقصدامارات میں کورونا کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کو درجہ بدرجہ ختم کرنا اورمعاشی صورت حال کو دوبارہ بہتری کی طرف گامزن کرنے کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے۔ نئے ویزوں کے اجراء کے بعد بھی فضائی کمپنیوں کو کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیرکی مکمل پابندی کرنا ہوگی