
ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے کا میچ کھیلنے کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں۔
پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے کولمبو کے اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد جاری ہے۔
سری لنکا میں آج چھٹی کے روز پریماداسا اسٹیڈیم تماشائیوں سے مکمل بھرنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، صبح سورج نکل آیا مگر کولمبو میں آج بارش کا 80 فیصد تک امکان ہے، دن کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پاک بھارت میچ سے متعلق حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کی صورت میں میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ہی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔
پاکستان ٹیم
آج بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر پاک بھارت کرکٹ شائقین میں جنگ
آج کے میچ کو لے کر سوشل میڈیا پر بھی پاک بھارت کرکٹ شائقین کی جنگ جاری ہے اور دونوں طرف سے صارفین اپنی اپنی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ دیگر ملکوں کے صارفین اس صورتِ حال پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاک بھارت سابق کرکٹرز کا ٹاکرا
کولمبو کے میدان میں ایکشن سے پہلے ’جیو نیوز‘ پر بھی پاکستان اور بھارت کے سابق کرکٹرز کا ٹاکرا ہوا۔
سابق بھارتی کپتان اظہر الدین نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم فارم میں ہے لیکن کوہلی سے امیدیں ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان آنا چاہیے تھا۔
سابق بھارتی کرکٹر کپیل دیو نے کہا کہ بہت ساری چیزیں ہونی چاہئیں تھیں جو نہیں ہو رہیں۔
پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت کی باڈی لینگویج کمزور نظر آئی ہے۔