آج 23مارچ تجدیدعہدکادن ہے (سفیرافضال محمود)۔

یواے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کویوم پاکستان مبارک

124
سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور پاکستان قونصلیٹ دبئی میں یوم پاکستان کی پروقارتقاریب۔
جذبہ حب الوطنی سے سرشارپاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعدادمیں شرکت۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::پوری دنیاکی طرح امسال بھی سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور پاکستان قونصلیٹ دبئی میں 82ویں یوم پاکستان کی پروقاراوررنگارنگ تقاریب منعقدہوئیں جس میں یواے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ یو اے ای میں پاکستان کے سفیر جناب افضال محمود نے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں قومی ترانے کی دھن پرقومی پرچم لہرایا ،پاکستان قونصلیٹ دبئی میں پاکستان قونصل جنرل حسن افضل خان نے پرچم کشائی کی۔اس موقع پر صدر مملکت کاپیغام ائرکموڈورعلی عاشراور وزیراعظم پاکستان کاپیغام نائب ناظم الامورسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی امتیازفیروزگوندل نے پڑھ کر سنائے۔تقاریب کاباضابطہ آغازرب کائینات کے بابرکت نام سے ہوا۔
سفیرپاکستان افضال محمود نے یوم پاکستان 2022 کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دی۔ قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1940ءمیں آج کے دن ہمارے بزرگوں نے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے کا عزم  کیا جہاں وہ اپنے اصولوں اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ ان کا یہ خواب بہت کم وقت میں پورا ہو گیا جب پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر ایک خودمختار ریاست کے طور پر ابھرا۔ یہ سب بانی پاکستان  قائداعظم محمد علی جناح کی بے لوث قیادت میں ہمارے بزرگوں کی انتھک اور بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔سفیرافضال محمودنے اوور سیز پاکستانیوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے  کہا کہ ہم ملک کی ترقی اور پاکستانیوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کوپاکستان اور متحدہ عرب امارات دونوں برادر ممالک کے درمیان ایک موثر پل اورباعث فخرسمجھتے ہیں۔ میں ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ دونوں فریقوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحتی تعاون کے امکانات کے بارے میں آگاہ کریں جس سے دونوں ممالک باہمی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ سفیرپاکستان نے کہا ہم حکومت سے حکومت اور عوام سے عوام کے درمیان قریبی رابطوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کو مزیدبہتربنائیں گے۔آج کادن تجدیدعہدکادن ہے ہمیں یہ عہدکرناہوگاکہ ہم سب ملکرملکی بقا اور وقار کے لیئے کام کریں گے۔
انہوں نے سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی ٹیموں کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہم اپنے پیارے ملک کے مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات میں ساتھی پاکستانیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس موقع پر یو اے ای میں موجود تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنے برادر ملک یو اے ای کی ترقی کے لیے انتہائی ذمہ داری اور عزم کا مظاہرہ کریں۔سفیرپاکستان کے خطاب کے بعد شیخ خلیفہ بن زایدعرب پاکستان اسکول کے بچے اور بچیوں نے خوبصورت ملی نغمے گاکرتقریب  کومزیدخوبصورت بنادیا۔مسز وسفیرپاکستان نے کمیونٹی ممبران کے ہمراہ یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹآ۔مسزسفیرپاکستان نے تقریب میں شرکت کرنے والے بچوں میں چاکلیٹ اور تحائف تقسیم کئیے۔تقریب کے اختتام ملک کی ترقی و  خوشحالی کے لیئے خصوصی دعابھی کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }