ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ اور اس کی نوآبادیوں پر سب سے زیادہ مدت تک راج کرنے والی ملکہ ہیں۔ چند روز قبل 96 برس کی ہونے والی ملکہ برطانیہ 70 سال سے ملک پر راج کررہی ہیں۔
70 برسوں میں برطانوی قوم نے بہت سے نشیب و فراز دیکھے لیکن ان کی ملکہ الزبتھ سے عقیدت اور محبت کم نہیں ہوئی۔
ملکہ الزبتھ کو صرف برطانیہ ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی بہت عقیدت اور احترام حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں دنیا بھر سے تحائف بھی ملتے ہیں۔
برطانیہ کی ملکہ کو اس قدر منفرد اور اچھوتے تحائف ملتے ہیں کہ اس کی ہمسری شائد دنیا کو سربراہ مملکت یا بادشاہ نہیں کرسکتا۔
باربی کلیکشن میں ملکہ بھی شامل
چند روز قبل ملکہ الزبتھ دوم کی 96ویں سالگرہ اور آنے والی تخت سنبھالنے کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر مشہور زمانہ ’باربی‘ گڑیا بنانے والی امریکی کمپنی میٹل نے انہیں ایک گڑیا کا تحفہ بھیجا ، یہ گڑیا ملکہ الزبتھ نے مشابہت رکھتی ہے۔
اس گڑیا کا لباس بھی شاہانہ طرز کا ہے۔ 96 ویں برس کی عمر میں گڑیا کا تحفہ ملکہ کے لیے منفرد ہی کہا جاسکتا ہے۔
ہاتھی
1972 میں ملکہ برطانیہ کو افریقی ملک کیمرون نے ایک ہاتھی تحفے میں دیا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ ماضی میں کوئی بادشاہ اپنے کسی وزیر سے ناراض ہوتا تو اسے ہاتھی تحفے میں دے دیتا تھا لیکن ملک برطانیہ کو تحفے میں ملنے والے ہاتھی کا معاملہ بالکل الگ ہے، اسے ہر سہولت دستیاب ہے۔
انناس
آسٹریلیا ویسے تو آزاد ملک ہے لیکن اس کی آئینی سربراہ ملکہ برطانیہ ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ جب ملکہ برطانیہ کی شادی ہوئی تو آسٹریلیا نے اس موقع پر خصوصی طور پر انناس کے ٹن پیک بھجوائے۔
کہا جاتا ہے کہ بھجوائے گئے 500 ٹن پیک خوشی کے موقع پر برطانوی شہریوں میں تقسیم کئے گئے تھے۔
خاص نمک
مشرقی معاشرے میں نمک کا خاص مقام حاصل ہے، نمک حلال اور نمک حرام کی اصطلاحات اردو سمیت برصغیر کی دیگر زبانوں میں عام استعمال ہوتی ہیں۔
بحر اوقیانوس میں واقع برٹش ورجن آئی لینڈز نے تو نمک حلالی کا ایسا ثبوت دیا کہ اپنے جزیرے کا نمک ہی ملکہ برطانیہ کو تحفے میں بھجوادیا۔
ویسے برٹش ورجن آئی لینڈز کو سالٹ آئی لینڈز (نمکین آئی لینڈز) بھی کہا جاتا ہے۔
وہیل کا دانت
دنیا میں اس وقت سب سے بڑی مخلوق وہیل کو کہا جاتا ہے۔
بحر الکاہل میں دنیا سے الگ ملک فیجی کی تمام تر معیشت مچھلی کے شکار ، کشتی رانی اور ناریل سے جڑی ہے۔
فیجی کے سربراہ نے ایک وقت میں ملکہ برطانیہ کو خاص ہار تحفے میں دیا تھا، اس ہار میں ہیرے موتی نہیں بلکہ وہیل کا دانت تھا۔
گھڑ سواری کے جوتے
وہ بادشاہ اور ملکہ ہی کیا جو گھڑ سواری نہ کرے، گو کہ اپنی عمر کی وجہ سے ملکہ برطانیہ گھوڑے کی سواری سے قاصر ہیں لیکن 96 برس کی عمر میں بھی گھوڑوں سے ان کا شغف کم نہیں ہوا۔
گھڑ سواری ہی کے شوق کو دیکھتے ہوئے امریکی حکومت نے ملکہ برطانیہ کو 1991 میں خاص قسم کے جوتے تحفے میں دیئے تھے۔