پام آئل کی برآمد کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا نے اس کی برآمد پر پابندی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا نے پام آئل کی برآمدات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔
اس تناظر میں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کا کہنا ہے کہ وہ اس پالیسی کے نفاذ کی نگرانی خود جاری رکھیں گے تاکہ ملک میں خوردنی تیل کی وافر مقدار موجود ہو اور یہ مناسب قیمت پر دستیاب ہو۔
انڈونیشین وزیر خزانہ سری ملایانی اندراوتی کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا جو کہ اس حوالے سے ماضی میں کی گئی تمام تدابیر کی ناکامی کے بعد کیا گیا۔
واضح رہے، چین اور بھارت انڈونیشیا کے پام آل کے سب سے بڑے درآمد کنندگان ہیں۔ انڈونیشیا پام آئل کی پیداوار والا دنیا کا سب سے بڑا ملک جہاں سے نصف سے زائد دنیا کو اس خوردنی تیل کی ترسیل کی جاتی ہے۔ ملائیشیا اس حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔
دوسرے جانب، امریکا میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک کے حکام کے مابین ہونے والی ملاقات میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں ہونے والی خوراک کی ممکنہ قلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا
اس حوالے سے ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے تمام ممالک سے خوراک ذخیرہ کرنے سے اجتناب کرنے اور برآمدی پابندیاں نافذ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔