ایشیا رگبی ڈویژن ٹو چیمپئن شپ؛ پاکستان ٹیم کے ڈویژن ون میں کوالیفائی کرنے کے امکانات باقی
لاہور: ایشیا رگبی ڈویژن ٹو چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کے ڈویژن ون میں کوالیفائی کرنے کے امکانات اب بھی باقی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا رگبی ڈویژن ٹو چیمپئن شپ میں پاکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا اہم میچ کل کھیلا جائے گا جبکہ پہلے میچ میں تھائی لینڈ رگبی ٹیم نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
ایشیا رگبی ڈویژن ون کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان ٹیم کے امکانات اب بھی باقی ہیں جبکہ پاکستان رگبی ٹیم کو تھائی لینڈ کے خلاف پانچ پوائنٹس سے زائد مارجن کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ہے۔
پاکستان رگبی ٹیم کے کپتان حماد صفدر کا کہنا ہے کہ ڈویژن ون کے لیے کوالیفائی کرنا ٹارگٹ ہے، پہلے میچ کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور میچ جیتیں گے۔
Advertisement
واضح رہے کہ پہلے میچ میں تھائی لینڈ نے 15 کے مقابلے میں 20 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ایشیا رگبی ڈویژن ٹو چیمپئن شپ کا آغاز بروز اتوار 29 مئی سے پنجاب اسٹیڈیم میں شروع ہوا ہے۔
اس موقع پر صدر پاکستان رگبی یونین عارف سعید کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ کی رگبی ٹیم اور ایشیا رگبی کا شکریہ جو یہاں کھیلنے آئے۔ بطور یونین ہم اپنے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔