بنگلہ دیشی بلے باز یاسر علی کمر کی انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یاسرعلی انٹیگا میں کرکٹ ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن انجری کا شکار ہوئے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ بعد کے ایم آر آئی اسکین سے ہاسر علی کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ کا انکشاف ہوا۔
ٹیم کے فزیو بایجد الاسلام نے کہا کہ اس طرح کی انجری سے صحت یاب ہونے میں تقریباً دو سے تین ہفتے لگتے ہیں،اس لیے وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
یاسرعلی ویسٹ انڈیز میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے کیونکہ وہ بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی اسکواڈ کے رکن بھی ہیں۔
Advertisement
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعرات سے اینٹیگا میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 جون سے سینٹ لوشیا میں شروع ہوگا۔
بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کے بعد دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گا۔
پہلے دو ٹی ٹوئنٹی 2 اور 3 جولائی کو ڈومینیکا میں ہوں گے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 7 جولائی کو گیانا میں ہوگا۔
گیانا 10، 13 اور 16 جولائی کو تین ون ڈے میچوں کی میزبانی کرے گا۔