برازیل میں پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کہا ہے کہ ایک گرفتار ملزم نے ایمازون کے جنگلات میں لاپتا ہونے والے برطانوی صحافی اور اُن کے ساتھ ایک مقامی شخص کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے پولیس کو اس مقام کی نشاندہی بھی کرادی ہے جہاں لاشوں کو دفن کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسران نے منوس میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کیس کے مرکزی ملزم نے 5 جون کو لاپتہ ہونے والے دونوں افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
وفاقی تفتیش کار ایڈوارڈو الیگزینڈر فونٹس کے مطابق 41 سالہ ملزم اماریلڈو ڈا کوسٹا اولیوریا عرف پیلاڈو نے پولیس کو بتایا کہ اس نے مقامی شخص برونو پریرا اور برطانوی فری لانس صحافی ڈوم فلپس کو قتل کرنے کے لیے آتشیں اسلحہ استعمال کیا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ بدھ کو ملزم کی نشاندہی پر پولیس اس مقام پر پہنچی جہاں لاشوں کو دفن کیا گیا تھا اور وہاں سے مرنے والوں کی باقیات برآمد کی گئیں جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
Advertisement
ریاست ایمیزون کے پولیس حکام کے مطابق لاپتہ ہو جانے والے افراد کی کشتی ابھی تک نہیں ملی ہے تاہم پولیس کو اس علاقے کا علم ہو چکا ہے جہاں ملزموں نے اسے چھپا رکھا ہے۔ حکام نے بتایا کہ انہوں نے کشتی میں کوڑے کے بڑے بڑے تھیلے رکھ دیے تھے جس کے باعث وہ ڈوب گئی تھی۔
41 سالہ پریرا اور 57 سالہ فلپس کو آخری بار جویری وادی میں دریا میں کشتی پر سفر کرتے دیکھا گیا تھا۔ اس علاقے کی سرحدیں پیرو اور کولمبیا کے ساتھ لگتی ہیں۔ اس علاقے میں ماہی گیروں، شکاریوں اور سرکاری ایجنٹوں کے درمیان جھگڑوں میں پرتشدد واقعات بھی ہوتے رہے ہیں۔