کابینہ نے ویکسینیشنز کی قومی پالیسی منظور کرلی
جدوجہد میں غیرحکومتی شعبہ اور سماجی ارکان کو فعال بنانا شامل ہے
ابوظبی :(اردوویکلی)::نائب صدر و وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیر صدارت متحدہ عرب امارات کی کابینہ کے ہونے والے اجلاس نے ویکسینیشنز کی قومی پالیسی کی منظوری دیدی ، اس کے تحت پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک اور ایسی بیماریوں سے افراد و معاشرہ کو محفوظ رکھنے کیلئے کثیرالشعبہ جاتی فریم ورک ترتیب دیا گیا ہے – اس پالیسی کے تحت مدافعتی قوت بڑھانے کے شعبہ میں شامل تمام فریقین کے درمیان تعاون و رابطہ کا فریم ورک تشکیل دیا گیا تاکہ ملک میں صحت کے نظام مزید موثر بناتے ہوئے اسکی خدمات کو مزید فعال بنایا جاسکے ۔ اس پالیسی کے دیگر مقاصد میں بیماریوں کی روک تھام کیلئے صحت مند طرززندگی کو فروغ دینے کی خاطر ملک کی جدوجہد میں غیرحکومتی شعبہ اور سماجی ارکان کو فعال بنانا شامل ہے تاکہ ملک گیر سطح پر بہترین معیار کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جاسکے – اس پالیسی کے اہم ترین مقاصد میں ویکسین کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ، اس کی پائیداری اور معیار کو یقینی بنانا ، اس کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس شعبے میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہیں ۔ اس پالیسی میں صحت کے ہنگامی حالات اور بیماری پھیلنے کے حالات میں صحت عامہ کو یقینی بنانا بھی شامل ہے – اس پالیسی کی وجہ سے علاقائی و عالمی صحت مرکز میں متحدہ عرب امارات کی حیثیت مزید مستحکم و قوی ہوگی اور یہ امر بھی یقینی بنایا جاسکے گا کہ امارات میں عالمی معیار کے مطابق بہترین مدافعتی خدمات فراہم کی جارہی ہیں