کورونا بیماری چھپانے پر سخت سزا کا اعلان
کورونا کی بیماری چھپانے والے کو 50 ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا
دبئی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات میں اگر کوئی شخص کورونا بیماری طبی اداروں سے چھپائے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اماراتی پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے کہ امارات میں کسی شخص کو کورونابیماری کو پوشیدہ رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اگرکوئی ایساکرتاپایاگیاتویہ فعل ایک جرم تصورکیاجائیگا اگر کسی شخص میں کورونا مرض کی علامات ظاہر ہوتی ہیں یا اس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اسے چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کو اطلاع دے یا کسی پرائیویٹ یا سرکاری میڈیکل سینٹرجا کرلازم طورپر اپنا معائنہ اور علاج کروائے ۔پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کے کسی مریض نے اگرمتعلقہ حکام یا اداروں سے اپنی بیماری چھپائی تو اس جرم پر اس پر 50 ہزار درہم کاجرمانہ عائد کیاجائیگا۔2014 ء کے فیڈرل لا 14 کی شق 32 اور 33 میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کسی وبائی مرض کا شکارہوتاہے تو اسے کسی بھی ہسپتال میں جا کر لازمی طورپرعلاج کرانا ہو گا۔ تاکہ مرض کو ابتدائی مرحلے پر ہی کنٹرول کرلیا جائے۔علاوہ ازیں اسے طبی عملے کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر بھی پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ تاکہ مزید افراد میں وائرس منتقلی نہ ہو ،اور مرض کومزید پھیلنے سے روکاجاسکے۔اگر کسی شخص نے اپنے وبائی مرض کو چھپایا، احتیاط سے کام نہ لیا تو اس پر وفاقی قانون کی شق 38 کے مطابق کم از کم 10 ہزار درہم اور زیادہ سے زیادہ 50 ہزار درہم تک کاجرمانہ عائد کیاجاسکتاہے۔ خاص کرکوروناجیسی خطرناک بیماری کے معاملے میں تو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ابوظبی میں بھی کوروناسے متاثرہ ملازمین کے بارے میں اطلاع نہ دینے پر حکام نےمتعدد کاروباری مراکز بند کرا دئیے ہیں۔