سری لنکا میں ایندھن کے غیر معمولی بحران کے سبب ملکی وزارت تعلیم نے ایک ہفتے کے لیے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔
سری لنکا کے ایک مقامی روزنامہ کے مطابق سری لنکا کی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تمام صوبوں کے اہم شہروں میں واقع تمام اسکولوں کو اگلے ہفتے کے دوران بند رکھا جائے گا۔
سری لنکا کی وزارت تعلیم کے سکریٹری نہال رانا سنگھے نے اسکولوں سے آن لائن کلاسز کا انتظام کرنے کے لیے کہا ہے۔ ڈویژنل سطح پر ان اسکولوں میں محدود تعداد میں طلبہ کو آنے کی اجازت ہوگی جہاں طلبہ، اساتذہ اور پرنسپلز کے لیے نقل و حمل کی دشواریاں راہ میں حائل نہ ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کی عوامی سہولیات کمیشن ہفتے میں کام کے دنوں میں آن لائن ٹیچنگ میں سہولت کے لیے صبح آٹھ بجے سے دن ایک بجے تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے لیے رضامند ہوگئی ہے۔
یاد رہے، سری لنکا اس سال مارچ سے ہی اپنی تاریخ کے بدترین اقتصادی بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ ملک میں خوراک کی افراطِ زر کی شرح مئی میں 57.4 فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ خوردنی اشیاء نیز کھانا پکانے، ٹرانسپورٹ اور صنعتوں کے لیے ایندھن کی شدید قلت ہے۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اب معمول کی بات بن چکی ہے۔
Advertisement
سری لنکا اس وقت غیر ملکی زرمبادلہ کی شدید کمی کی وجہ سے بین الاقوامی قرضوں کی ادائیگی کرنے سے قاصر ہے۔
واضح رہے، اقتصادی بحران کا سب سے زیادہ اثر فوڈ سکیورٹی، زراعت، ذریعہ معاش اور صحت کی خدمات تک رسائی پر پڑا ہے۔ پچھلے فصل کے موسم کے دوران پیداوار گزشتہ برس کے مقابلے چالیس تا پچاس فیصد کم ہوئی۔ جبکہ بیج، کھاد،ایندھن اور قرضے نہیں ملنے کی وجہ سے رواں زرعی موسم بھی شدید خطرے سے دوچار ہے۔
یاد رہے، سری لنکا حکومت نے اس سے پہلے بھی 18جون کو ایک ہفتے کے لیے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔