جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں واقع ایک شراب خانے میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے کم ازکم پندرہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ کے مغرب میں واقع سویٹو بستی میں شراب خانے پر اتوار دس جولائی کی علی الصبح حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد ایک ٹیکسی میں سوار ہو کر آئے اور شراب خانے پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ جس کی وجہ سے اندر موجود افراد نے جان بچانے کی کوشش میں فرار ہونے کی کوشش کی۔
بعد ازاں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کرس ہانی برگواناتھ نامی مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کا شمار دنیا کے ایسے پرتشدد ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ہر سال بیس ہزار افراد کو قتل کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ فی کس قتل کی شرح میں سے ایک ہے۔
Advertisement
قبل ازیں چھبیس جون کو جنوبی افریقہ کے ساحلی قصبے مشرقی لندن میں واقع ایک اور بار میں اکیس نوجوان افراد کی پراسرار موت ہوگئی تھی۔ ان افراد کی موت کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں۔ تفتیش کاروں نے فائرنگ اور بھگدڑ جیسی دونوں وجوہات کو مسترد کر دیا ہے۔
خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں گیس یا زہر دے کر مارا گیا ہے۔ اس واقعہ کے نتیجے میں بھی مقامی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔