پاکستان بیس بال ٹیم کی عرب کلاسک دبئی 2024 میں شاندار فتح
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کی جانب سے خراج تحسین۔
دبئی(اردوویکلی):پاکستان کی بیس بال ٹیم نے عرب کلاسک دبئی 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچوں میچوں میں فتح حاصل کی اور 9 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ۔ دبئی میں گزشتہ رات کھیلے گئے فائنل میچ کے دوران کھیلوں کے میدان میں ملک کی شاندار کامیابیوں میں ایک تاریخی لمحہ کے طور پر پاکستان چیمپئن بن کر ابھرا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے کھیل میں پاکستان کی فتح جو ملک کے اندر بڑے پیمانے پر نہیں کھیلی جاتی ہے، نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
یہ جیت ہمارے کھلاڑیوں کے عزم، مہارت اور لگن کی عکاسی کرتی ہے۔ عرب کلاسک دبئی 2024 نے پورے خطے سے ٹیموں کو اکٹھا کیاجس میں پاکستان اپنی مہارت اور ٹیم ورک کی بنا پر نمایاں رہا ہے۔ یہ فتح متنوع کھیلوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے جس نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری اور وطن میں کھیلوں کے مداحوں کو متاثر کیا ہے
سفیر فیصل ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ اس کامیابی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کھیلوں کی ساکھ کو مستحکم کیا ہے ۔ ہم ایسی مزید کامیابیوں اور اپنی قوم کے درمیان کھیلوں کے جذبے کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں
سٹیڈیم میں قونصل جنرل دبئی حسین محمد اور دبئی میں پاکستان قونصلیٹ کے دیگر سفارتکار موجود تھے۔ شاندار جیت کا جشن مناتے ہوئے قونصل جنرل نے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کوان کی کوششوں اور لگن پر مبارکباد دی